پارا چنار کے حالات دانستہ کشیدہ کیے جارہے ،علامہ راجہ ناصر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاراچنار غزہ کا منظر پیش کررہا ہے ۔حکمرانوں کی عدم توجہی نے کرم ایجنسی پاراچنار کے مسئلے کو سنگین بنا دیا ہے۔
مسلمان وہ ہوتا ہے جو ظلم دیکھ کر تڑپ اٹھے ۔پاراچنار کے عوام خوراک اور دیگر ضروری سہولتوں کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔محاصرے میں ادویات کی کمی 130سے زائد معصوم بچوں کی شہادتیں ہوچکی ہیں اور زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔ پارہ چنار کی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دیے گئے دھرنوں پر کراچی میں ریاستی شدید کی مذمت کرتے ہیں۔اپنے آپ کو جمہوریت کی علمبردار کہنے والی پیپلز پارٹی کی حقیقت قوم کے سامنے ہے ۔نہتے شہریوں پر دھاوا بول کرسندھ حکومت نے اپنے قائد ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری فکر و اقدار کو پامال کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک محرم ہال پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پارا چنار کے حالات دانستہ طور پر کشیدہ کیے جارہے ہیں۔ لاکھوں کی آبادی محصور انسانی زندگیوں کوشدید خطرات لاحق ہیں ۔ضلع کرم میں شیعہ وسنی عوام کبھی بھی لڑائی نہیں چاہتے ۔پاراچنار میں دونوں فریقین کی رضامندی سے امن معاہدہ ہوچکا ہے ، معاہدے پر عمل درآمد کی ذمہ داری اب حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔کرم میں مستقل امن کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔جن افراد نے کرم کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہیں انکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔