سرکاری اسکولوں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کا آغاز
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں پہلی مرتبہ’’مڈل ٹیک اقدامات‘‘کے تحت سرکاری اسکولز میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کو روایتی تعلیم کا حصہ بنا لیا گیا۔صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے ’’مڈل ٹیک انیشی ایٹو‘‘کا باقائدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے تعلیمی اصلاحات کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے ۔
اسکولز میں مڈل ٹیک تعلیم ایک ایسا تعلیمی ماڈل ہے جو طلباء کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتیں سکھانے اور روزگار کے مواقع تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ سی ایم ایس گورنمنٹ بوائز سیکنڈری کیمپس اسکول کراچی میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے موقع پر سابق نگراں وزیر تعلیم سندھ رعنا حسین، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، چیف ایڈوائزر جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا)چی ہو اوہاشی، چیف ایگزیکٹو ایڈوائزر ڈاکٹر فوزیہ خان، ڈائریکٹر اسکول کراچی مرزا ارشد بیگ، ڈی ای او ساؤتھ ڈیولپمنٹ کنسلٹنٹ پریم ساگر، اسکول پرنسپل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔مڈل ٹیک انیشی ایٹوکے حوالے سے جائیکا نے اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ کو تکنیکی معاونت فراہم کی ہے جس کے تحت کریکیولم ڈیولپمنٹ، اساتذہ کی تربیت اور اسکولز میں لیبز کی تیاری جیسے اقدامات شامل ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ اس وقت سندھ میں 21ویں صدی کی ضروریات کے مطابق تعلیمی اصلاحات ضروری ہیں ،یہ اقدام ہمارے طلبہ کو سماجی اور اقتصادی لحاظ سے قابل شہری بنانے کی طرف ایک قدم ہے ، روایتی تعلیم اور عملی مہارتوں کے مابین خلا کو پُر کر کے ہم اپنی نوجوان نسل کیلئے روشن مستقبل کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ وسائل کی کمی جیسے مسائل کی وجہ سے بھی بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے ، اس طرح کے اقدامات کی مدد سے بچے طالب علمی کے دوران خود کفیل بن کر اپنے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی بھی قابل بن جائیں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سندھ بھر کے 300 اسکولز سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جس سے 65ہزار بچوں کو روایتی تعلیم کے ساتھ تکنیکی تعلیم کی واقفیت بھی دی جائیگی۔ اگریکلچر، اپلائڈ الیکٹریشن، بیوٹیشن، ڈریس میکنگ، فنڈامینٹل آف کوکنگ، گرافک ڈزائننگ، ہوٹل مینجمنٹ، انٹروڈکشن آف ٹورزم، انٹرنیٹ آف تھنگز، لائیواسٹاک، میڈیا پروڈکشن، پلمبنگ جیسے شعبے بھی اب اسکولز سطح پر روایتی تعلیم کا حصہ ہونگے ۔ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ اسکولز میں مڈل ٹیک کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے میٹرک اور پھر کالجز میں انٹر ٹیک کلاسز جلد شروع کیے جائیں گے ۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم زاہد علی عباسی نے کہا کہ مڈل ٹیک کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے سندھ کے اسکولز میں اس سال 1600 کمپیوٹر لیبز قائم کی جائیں گی جبکہ دیگر ضروری سہولتوں کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔چیف ایڈوائزر جائیکاچی ہو اوہاشی نے بتایا کہجائیکانے اساتذہ کی تربیت اور مڈ ٹیک کے نصاب کی تیاری میں تعاون فراہم کر رہے ہیں جبکہ اس کے علاوہ انٹرنیٹ آف تھنگز، میڈیا پروڈکشن، اور انٹروڈکشن ٹو ٹورزم جیسے اضافی تکنیکی کورسز آئندہ دنوں میں شامل کیے جائیں گے ، جب کے اس طرح کے تعاون کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائیگا۔