ورلڈ بینک کامنصوبہ لائیواسٹاک مستحکم کرے گا ، ناصر شاہ

کراچی(این این آئی)صوبائی وزیر توانائی سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اس پورے ریجن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں بہت ہی اچھی کارکردگی کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے ۔۔۔
چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ کے وژن ہی کے تحت حال ہی میں ورلڈ بینک سے 137 ملین کا پروجیکٹ لائیواسٹاک شعبے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے لایا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ لائیواسٹاک ایکسپو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری فارمرز اور زمین موجودہے جہاں پرائیویٹ فارمرز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیئے جاسکتے ہیں تاکہ مقامی بریڈنگ کی نسل کی افزائش کو فروغ دیا جا سکے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہاکہ20 سال پہلے روف ٹاپ فارمنگ نہیں تھیں اب لوگ اس طرف آ رہے اور گھروں کی چھتوں پر ایک بھیڑ بکری پال رہے ہیں،کمرشل اور انڈیجینئس بریڈنگ میں دو طرفہ پالیسی ہونی چاہیے ۔صوبائی وزیر لائیواسٹاک محمد علی ملکانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناصر شاہ سے گزارش ہے کہ لائیواسٹاک محکمے کو ترجیحاتی لسٹ میں اوپر لاکر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میں اس شعبے میں نت نئے منصوبوں کو منظور کیا جائے ، لائیواسٹاک محکمے نے کراچی والوں کو ایکسپو کی شکل میں اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے سینکڑوں مواقع موجود ہونے کی آگاہی دی ہے ۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کا مشکور ہوں جنہوں نے یہ کامیاب میلہ سجانے میں ساتھ دیا۔