سائنسدان عام آدمی کی بہبود کے لیے کام کریں ، ڈاکٹر مختار

سائنسدان عام آدمی کی بہبود کے لیے کام کریں ، ڈاکٹر مختار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے سائنسدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ عام آدمی کو درپیش مشکلات کا حل تلاش کرنے پر توجہ دیں۔۔

 اور کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ سائنس کو حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کیا جائے ،اعلیٰ تعلیمی کمیشن ملک کے اعلی تعلیمی اداروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے نمایاں سرمایہ کاری کر رہا ہے ۔یہ بات انہوں نے پیر کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے تحت نیچرل پروڈکٹ کیسٹری کے موضوع پر4روزہ16ویں بین الاقوامی سمپوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین اورسمپوزیم کے آرگنائزنگ سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اس سمپوزیم میں تقریباً 29 ممالک کے 60 سائنسدان جبکہ صرف پاکستان سے تقریباً 400 محققین شرکت کررہے ہیں۔شیخ الجامعہ نے خطاب میں کہا کہ تمام سائنسی ترقی کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت ہونا چاہیے ۔انہوں نے قدرتی مصنوعات پر گفتگو کرتے ہوئے ادویاتی جڑی بوٹیوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکام سے ان کے بے دریغ استحصال کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ پروفیسر عطا الرحمن نے ’’اعلی تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، اور نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری میں حالیہ پیش رفت‘‘کے موضوع پر تفصیلی لیکچر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں