پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوٹول پلازہ سے 11لاکھ لوٹ کر فرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر )گلشن حدید کے قریب نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے کو ملانے والے لنک روڈ پر قائم ٹول پلازہ سے۔
پولیس وردی میں ملبوس جدید ہتھیاروں سے لیس ڈاکو سحری کے وقت11 لاکھ سے زائد رقم اورسیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ لے گئے ،موٹرسائیکلوں پر آئے ہوئے8 ڈاکوؤں میں سے دو نے پولیس کی وردی پہنی ہوئی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود لنک روڈ پر واقع ٹول پلازہ پر رات گئے موٹر سائیکل سوار 8 ڈاکوؤں نے جدید اسلحہ سے ٹول پلازہ کے تمام عملے کو یرغمال بنا لیا اور عملے پر تشدد کے بعد 11 لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے ۔ ڈاکوؤں میں ایک ڈاکو نے شلوار قمیض پر پولیس انسپکٹر کی شرٹ ایک ڈاکو نے پولیس کانسٹیبل کی وردی پہنی ہوئی تھی ۔واردات کے تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز پولیس نے حاصل کر لی ہیں اور ٹول پلازہ عملے کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔