ٹرک نے موٹر سائیکل سوار 2افراد کو کچل دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کی سڑکوں پر ٹرک، ڈمپر اور ٹریلر کی ٹکر سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے اختر کالونی سگنل سے قیوم آباد جاتے ہوئے پی ایس او پٹرول پمپ کے قریب ٹرک نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو کچل کر دو افراد جان سے گئے ،ہلاک شدگان کی شناخت اسٹیفن مسیح اور حمزہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ جبکہ دونوں کی عمریں 30 اور 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہیں۔پولیس کے مطابق حادثے کا ڈرائیور موقع سے ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا جس پر کنٹینر لدا ہوا ہے ۔دریں اثنا ماڑی پور روڈ بسم اللہ ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا ۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 18سالہ ساحل اور زخمی کی شناخت 17سالہ فرحان ولد فقیر محمد کے نام سے ہوئی ۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے باعث پیش آیا ۔ٹریلرڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ۔ تیسرے واقعے میں کلفٹن کے علاقے بن قاسم پارک کے قریب بھی تیز رفتار کار کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوا، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 18سالہ افلان کے نام سے ہوئی۔ کورنگی ناصر جمپ پر گزشتہ شام حادثے کا ایک زخمی دم توڑ گیا، تیز رفتارگاڑی نے دوموٹرسائیکل سواروں کوروند دیاتھا۔