مرکزی مسلم لیگ کا شہدائے غزہ کانفرنس کا اعلان

مرکزی مسلم لیگ کا شہدائے غزہ کانفرنس کا اعلان

کراچی (این این آئی)پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے 20 اپریل کو شاہراہ قائدین پر شہدائے غزہ کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کردیا۔

 مرکزی مسلم لیگ ہاس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے بڑا مسئلہ غزہ میں قتل عام ہے ۔ایک چھوٹی سی آبادی پر نہایت بے دردی سے حملہ کیا گیا۔ علمائے کرام کے متفقہ فتوے کی روشنی میں مسلم حکمرانوں پر جہاد فرض ہوچکا ہے ۔ غزہ میں قتل عام رکوانے کے لیے کسی بھی ملک نے سنجیدہ کردار ادا نہیں کیا۔ مرکزی مسلم لیگ غزہ میں حالیہ قتل عام پر احتجاج کا نیا سلسلہ شروع کر رہی ہے ۔ شاہراہ قائدین پر شہدائے غزہ کانفرنس کے بعد اندرون سندھ میں بھی احتجاجی جلسے کیے جائیں گے ۔پریس کانفرنس کے موقع پر کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان اور سیکرٹری اطلاعات طٰہ منیب بھی موجود تھے ۔ فیصل ندیم نے کہا کہ غزہ کی طرف تمام راستے بند کرکے بنیادی انسانی ضروریات کی شدید قلت پیدا کی گئی۔ہم سوال کرنا چاہتے ہیں کہ کیا وجہ کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے حرکت میں نہیں آتے ؟مسلم ممالک کے حکمران اور او آئی سی اس وقت کہاں ہیں؟ عرب لیگ بھی اس قتل عام پر خاموش ہے ۔ایسا لگتا ہے کہ غزہ ایک جنگل ہے اور وہاں درندے حملہ آور ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمان جہاں بھی ہیں وہ فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں