میرپور ماتھیلو:بجلی چوروں کی جائیداد یں ضبط کرنے کی تجویز

میرپور ماتھیلو (نمائندہ دنیا)سیپکو ریجن میں بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا۔۔
بجلی چوروں، نادہندگان اور غیر قانونی الیکٹریشنز کے خلاف سخت کارروائیوں کا آغاز، شناختی کارڈ بلاک اور پراپرٹی ضبطی جیسے اقدامات پر غور۔ سیپکو ریجن میں بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ڈسکو سپورٹ یونٹ، سیپکو مینجمنٹ اور رینجرز کے افسران پر مشتمل اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی سخت فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی چوروں، نادہندگان اور غیرقانونی پرائیویٹ الیکٹریشنز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور ریجن بھر میں ریکوری ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔اجلاس میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ پانچ لاکھ روپے یا اس سے زائد بقایا جات رکھنے والے نادہندگان کے شناختی کارڈز بلاک کرانے کے لیے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ساتھ ہی ان افراد کی جائیدادیں ریونیو ایکٹ کے تحت ضبط کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے مدد لی جائے گی۔ اجلاس کے بعد میرپور ماتھیلو سب ڈویژن سیپکو نے فوری طور پر کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ ایکس ای این سیپکو محمد عظیم عباسی اور ایس ڈی او رضوان حاکم کی سربراہی میں پولیس اور رینجرز کے ہمراہ میرپور ماتھیلو، ڈہرکی اور اوباڑو میں بھرپور آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سینکڑوں کنڈا کنیکشنز ختم کیے گئے اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔سیپکو حکام کے مطابق نادہندگان سے موقع پر ہی لاکھوں روپے کی ریکوری کی گئی۔