ملائیشین جامعات کے وفد کا محمد علی جناح یونیورسٹی کا دورہ

 ملائیشین جامعات کے وفد کا محمد علی جناح یونیورسٹی کا دورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملائیشیا کی اعلیٰ جامعات کے وفد نے محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کا دورہ کیا۔۔

، جہاں دوطرفہ تعلیمی تعاون، طلبا و فیکلٹی ایکسچینج اور مشترکہ ڈگری پروگرامز پر اہم پیش رفت ہوئی۔ ملائیشین یونیورسٹیز کے اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت ٹی جے ایس اسٹڈی اسٹیپس کے سی ای او سمیع اللہ شیخ نے کی۔ وفد کا مقصد پاکستانی طلبا کو کم لاگت، مؤثر اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ملائیشین تعلیمی مواقع سے روشناس کرانا تھا۔سمیع اللہ شیخ نے بتایا کہ ان کی کمپنی 2012 سے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں، بالخصوص سعودی عرب، کویت، قطر، بحرین، چین اور پاکستان میں تعلیمی رہنمائی فراہم کر رہی ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ زیادہ تر پاکستانی طلبا برطانیہ، امریکہ یا کینیڈا کو ترجیح دیتے ہیں، مگر انہیں یہ باور کرانا ضروری ہے کہ ملائیشیا نہ صرف قابل برداشت ہے بلکہ یہ طلبا کی تعلیمی پروفائل کو بہتر بنا کر انہیں مستقبل میں ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس شراکت داری کے تحت پاکستانی فیکلٹی اور طلبا کو ملائیشیا کے مطالعاتی دورے بھی کرائے جائیں گے ، تاکہ وہ وہاں کے تعلیمی اور ثقافتی ماحول سے واقف ہو سکیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہو۔دورے کے دوران یونیورسٹی کے ڈین اکیڈمکس ، ڈاکٹر عمران جامی نے وفد کو خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد ڈگری پروگرامز، ایکسچینج پروگرامز اور فیکلٹی وزٹس پر تفصیلی گفتگو کرنا تھا۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں شارٹ ٹرم فیکلٹی ایکسچینج،سمر کورسز، ماسٹرز کے مواقع اور ون پلس ٹو پروگرام جیسے اقدامات پر اتفاق کیا گیا، جس کے تحت طلبا ایک سال پاکستان میں اور دو سال ملائیشیا میں تعلیم حاصل کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں