نوشہرو فیروز:سیاہ کاری کے الزام پر 19سالہ لڑکی قتل
نوشہرو فیروز (نمائندگان دنیا)سندھ کی بدنام رسم کاروکاری کے تحت ایک اور دوشیزہ زندگی سے محروم کر دی گئی۔
اکری تھانے کی حدود میں گاؤں لائق کلہوڑو میں 19 سالہ زینت کلہوڑو کو مبینہ طور پر کاروکاری کے الزام میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو کمر پر پیچھے سے گولی مار کر قتل کیا گیا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، جب کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔ محراب پور میں روہڑی کینال کے قریب پانی کے تالاب میں ڈوب کر 8 سالہ لڑکا صاحب خان شر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی، نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ میں رشتہ داری کے تنازعے پر قتل ہونے والے واحد بخش لہر کے مقدمے میں مطلوب ملزم شہزادو لہر کو وارث ڈنو ماچھی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج ہے ، جس کی تفتیش جاری ہے۔ ادھر تھانہ شہید ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو پولیس نے اولڈ بس اسٹینڈ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے عادی موٹر سائیکل چور محمد ثقلین قریشی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو واردات کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔ سکھر میں پولیس نے مختلف کارروائیوں میں ایک منشیات فروش اور پانچ آکڑا پرچی ڈیلرز گرفتار کر لیے ۔ تھانہ سنگرار پولیس نے غلام گوٹھ کے رہائشی اختر حسین عرف بابو کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے شراب کی 5 بوتلیں برآمد کر لیں جب کہ تھانہ اے سیکشن پولیس نے تانگہ اسٹینڈ ڈھک روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے محمد مقیم راجپوت، نصراللہ شیخ، اسلم راجپوت، شبیر کلوڑ اور پھول جی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہزاروں روپے نقد، پرچی رسید بکس اور موبائل فونز برآمد کر لیے۔