اقوام متحدہ ،او آئی سی اسرائیلی مظالم روکیں،بلال قادری
کراچی(این این آئی)اقوام متحدہ اور او آئی سی کی جانب سے صرف بیان جاری کرنے سے غزہ کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔اسرائیل معصوم فلسطینیوں کو ہر چیز سے ترسا رہا ہے ۔
امدادی سامان نہ پہنچنے کی وجہ سے بچے بھوک پیاس اور فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے بیان میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ او آئی سی اسرائیل کو ظلم و بربریت کرنے سے روکیں۔غزہ پر اسرائیل کی جانب سے زمینی و فضائی حملوں کی وجہ سے عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں مظلوم فلسطینیوں کے پاس رہنے کے لیے جگہ نہیں ہے سب کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے ہیں۔پناہ گزیروں کے کیمپوں کو بھی اسرائیل اپنی بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے ۔اسپتالوں میں کوئی طبی امداد کا سامان موجود نہیں ہے ۔عالمی طاقتیں فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کے لیے اقدامات کریں۔اسرائیل امدادی سامان فلسطینوں تک پہنچنے کے لیے کوئی راستہ نہیں دے رہا ہے ۔انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطینیوں کے علاقے سے اسرائیل کے قبضے کو بھی ختم کروائیں۔بلال عباس قادری کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم پوری دنیا کے سامنے ہیں مگر مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی دہشت گردوں کے حملے مسلسل جاری ہیں جس کی وجہ سے وہاں پر رہنے والوں کو اپنی جانیں بچانا مشکل ہو چکا ہے ۔اسرائیل نے دنیا کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔