فائرنگ،قبائلی جھگڑے میں 2قتل،بچہ نہر میں ڈوب کرجاں بحق

فائرنگ،قبائلی جھگڑے میں 2قتل،بچہ نہر میں ڈوب کرجاں بحق

کندھ کوٹ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) نواحی گاؤں خادم حسین لاشاری میں سمیجو اور لاشاری قبائل کے درمیان زمین کے پرانے تنازع پر تصادم ہوا۔

فائرنگ کے نتیجے میں حاکم علی سمیجو جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو سول اسپتال کندھ کوٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے دو کو نازک حالت میں سکھر ریفر کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی ہے ، تاہم پولیس تاحال جائے وقوعہ پر نہ پہنچی اور نہ ہی مقدمہ درج کیا گیا۔ گھوٹکی میں گیمڑو تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قربان چاچڑ جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ جاگیرانی اور چاچڑ برادری کے درمیان پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ پولیس نے لاش کو تعلقہ اسپتال منتقل کیا اور علاقے میں بڑی تعداد میں نفری تعینات کر دی گئی۔ محراب پور میں بھریا روڈ کے علاقے چاہیں منومل میں 9 سالہ لڑکا مبشر ملک نصرت کینال میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ ورثاء کے مطابق وہ نہر کنارے بیٹھا تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے سے پانی میں گر گیا۔علاوہ ازیں قومی شاہراہ پر گاؤں دریا خان جلبانی کے رہائشی سیف الرحمن جلبانی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ، جب ایک تیز رفتار رالر کی زد میں آ گئے ۔ دونوں واقعات نے علاقے میں کہرام برپا کر دیا۔ میرپورخاص میں گوٹھ بہرام خان آفریدی میں 35 سالہ مانسنگ کولہی نے مبینہ طور پر درخت سے لٹک کر خودکشی کر لی۔دوسرے واقعے میں نوکری کے دوران جھگڑے پر ملازم گلزار نے دکان مالک کاشف جٹ پر گرم تیل پھینک دیا، جس سے وہ بری طرح جھلس گیا ۔تیسرے واقعے میں معروف بلڈر جے رام داس کا بیٹا سوائی رام اور ایڈووکیٹ سحرش کا ملازم اویناش نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے ۔ مقدمہ سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں درج کر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں