پولیس کو 3یوم میں مغوی بچی بازیاب کرانے کاحکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں 15 سالہ دعا اجمل کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس کو تین دن میں مغویہ بچی کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ تین ماہ قبل دعا اجمل کو ڈیفنس کے علاقے سے اغواء کیا گیا تھا اور اس حوالے سے درخشاں تھانے میں مقدمہ درج ہے ۔ وکیل کے مطابق کیس کی تفتیشی افسر شمع فیروز نے رشوت نا دینے پر اغواء میں ملوث مرکزی ملزم فراز کو جیل کسٹڈی کرایا تھا اور بعد ازاں ملزمان کے دباؤ پر مغویہ کا بیان عدالت میں جمع کرا کر مقدمہ سی کلاس کردیا گیا۔ وکیل نے مزید نشاندہی کی کہ تفتیشی افسر نے نہ تو بچی کا اعترافی بیان ریکارڈ کرایا اور نہ ہی اس کی عمر کے تعین کے لیے کوئی میڈیکل درخواست جمع کروائی۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ مغویہ کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے ۔