ٹیسٹ پاس امیدواروں کورواں ماہ ٹیچنگ لائسنس دینے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت نئے مالی سال کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ٹیچرز لائسنس کے اجراء، اسکول اپگریڈیشن، طلباء کی حاضری کو ڈیجیٹلائیز کرنے ، اسکول انفرا اسٹرکچر، اسٹوڈنٹ ٹیچر تناسب کے جائزے سمیت اساتذہ کی مانیٹر اور دیگر اہم معاملات کے سلسلے میں فیصلے کیے گئے ۔
اجلاس میں ہومن ریسورس ونگ کی طرف سے آگاہی دی گئی کہ گزشتہ مالی سال کے اختتام یعنی 30 جون 2025 تک آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے والے 93118 اساتذہ کو آفر لیٹرز جاری کیے گئے اور اساتذہ کا ڈیٹا بھی اپڈیٹ کر لیا گیا ہے ۔وزیر تعلیم نے اس موقع پر کہا کہ نئے اساتذہ کی تعیناتی کے مرحلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی، اساتذہ کی تنخواہیں شروع کرنے کے حوالے کسی بھی قسم کی تاخیر نہ کی جائے ئے جبکہ شکایات پر جلد کارروائی کی جائیئے ، نئے اساتذہ کی تعیناتی کا ایس ٹی آر کی بنیاد پر جائزہ لے کر رپورٹ اور تجاویز پیش کی جائیں۔ ایچ آر ونگ کی طرف سے بتایا گیا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں مانیٹرنگ اسسٹنٹ، سب انجنیئر، الیکٹریکل انجنیئر اور ارلی چائلڈ ٹیچرز کی نوکریوں کے لیے ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں جس پر آگلا لائحہ عمل طے کرنا باقی ہے ، اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا مانیٹرنگ اسسٹنٹ، سب انجنیئر، الیکٹریکل انجنیئر کے لیے 50 جبکہ ارلی چائلڈ ٹیچرز کے لیے پاسنگ مارک 55 کو ہی برقرار رکھا جائے گا جس میں رعایت نہیں دی جائے گی، ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد 169 مانیٹرنگ اسسٹنٹ، 146سب انجینئرز، 15 الیکٹریکل انجینئرزجبکہ ارلی چائلڈ ٹیچرز کی ٹیسٹ پاس کرنے والے 585 اساتذہ کی طعیناتی مرحلہ پالیسی کے مطابق مکمل کیا جائے ئے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے ہدایت کی ٹیچرز لائسنس پاس امیدواروں کو رواں ماہ کے اندر ہی لائسنس اور پروموشن دیے جائیں، جبکہ آئیندہ ٹیچرز لائسنس ٹیسٹ اور پالیسی کے جائزہ کے لیے اسٹیڈا بورڈ آف گورننس کا اجلاس جلد بلایا جائے، جس میں ٹیچرز پروفیشنل ڈولپمینٹ اور ٹریننگ کے شعبہ کو مزید فعال بنانے کے کیے حکمت عملی ترتیب دی جائے انہوں نے کہا کہ لائسنس کے قانون معاملات حل ہونے کے بعد اب ٹیسٹ لینے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔ اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ ٹیسٹ پاس امیدواروں گریڈ 16 میں ایلمنٹری اسکول ٹیچر تعینات کیا جائے گا۔