ملکی ترقی میں تاجروں کا کلیدی کردار،ڈی جی رینجرز
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈی جی رینجرز (سندھ)میجر جنرل محمد شمریز نے سائیٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کا دورہ کیااور ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات کی۔اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے پیٹرن اِن چیف زبیر موتی والا اور ممبران نے ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد شمریز کا استقبال کیا۔
ممبران نے حالیہ آپریشن بنیان المرصوص میں شاندار فتح پر تمام دفاعی اور سکیورٹی اداروں کو مبارک پیش کی اور شہر قا ئد میں پا ئیدار امن کے قیا م میں قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص پاکستان رینجرز (سندھ) کے کردار اور شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا معا شی حب ہے اور تاجر برادری کا ملکی ترقی میں کلید ی کردار ہے ۔ کراچی شہر میں بالعموم اور انڈسٹریل ایریاز میں بالخصوص سکیورٹی کو موثر بنانا پاکستان رینجرز (سندھ) کی اولین ترجیح ہے ۔ اس سلسلے میں صنعتکاروں اور کاروباری حضرات کو بلاخوف وخطر کارو باری سر گر میاں جاری رکھنی چاہئیں۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) نے بزنس کمیونٹی کے مختلف خدشات کو پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کرہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انڈسٹریز کے ممبران نے کراچی میں امن وامان کی بحالی کے سلسلے میں قا نو ن نا فذ کر نے والے اداروں کی خد مات کو سراہا۔ پاکستان رینجرز (سندھ) کے بحالی امن کے اقدامات میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔