22کلو میٹر طویل نئی حب کینال تعمیر،افتتاح آج ہوگا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں گھر گھر پانی پہچانے کے مشن میں میئر کراچی مرتضی وہاب صدیقی نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ، 22کلو میٹر طویل نئی حب کینال 9ماہ کی قلیل مدت میں تعمیر کردی گئی آج 13 اگست کو باقاعدہ نئی حب کینال کا افتتاح کردیا جائے گا۔
جس کے بعد ضلع کیماڑی اور غربی سے پانی کے مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا اس ضمن میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے نئی حب کینال منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے کی پیشرفت اور تکمیل کے مراحل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی حب کینال کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے اور منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بائیس سال بعد کراچی میں پانی کی فراہمی کے شعبے میں یہ پہلا بڑا منصوبہ مکمل ہوا ہے جو شہر کے لاکھوں باسیوں کو بہتر اور زیادہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ میئر کراچی نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پانی کی فراہمی میں بہتری لائے گا بلکہ شہر کے مجموعی انفرااسٹرکچر کی اپ گریڈیشن میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ میئر کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کراچی کو ایک جدید پائیدار اور بہتر شہر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔