جامعہ کراچی میں طلبہ کااحتجاج،امتحانات ری شیڈول

جامعہ کراچی میں طلبہ کااحتجاج،امتحانات ری شیڈول

اسکول آف لا کے طلبہ کے احتجاج کی وجہ سے آمد و رفت کا سلسلہ مفلوج امتحانات ایک ہفتے آگے بڑھا دیے ، طلبہ فیسیں جمع کرسکتے ہیں،شیخ الجامعہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جامعہ کراچی اسکول آف لا کے طلبہ کی جانب سے فیسوں کی ادائیگی کے بغیر امتحانات میں شرکت کی اجازت کے معاملے پر احتجاج کی وجہ سے یونیورسٹی میں آمد و رفت کا سلسلہ مفلوج ہوگیا جہاں طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے یونیورسٹی کا فارمیسی چوک چاروں جانب سے بند کرکے احتجاج کیا تاہم وائس چانسلر نے امتحانات ری شیڈول کرکے ایک ہفتے کا موقع دے دیا۔جامعہ کراچی میں دوپہر کو شروع ہونے والا احتجاج شام گئے تک جاری رہا، جس کے سبب یونیورسٹی کے کم از کم دو داخلی دروازوں مسکن اور کنیز فاطمہ سوسائٹی گیٹ کے راستوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے احتجاج میں شریک طالب علم حماد علی نے کہا کہ ہم نے انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ ہمیں امتحانات میں شرکت کرنے دی جائے اگر کوئی طالب علم فیس نہ دے تو اس کے نتائج روک دیے جائیں لیکن ہمارا آخری سمسٹر ہے ، ہمارے دو پرچے ہوچکے ہیں جس میں ہم شریک نہیں ہوئے ہمارا سال ضائع ہوگا اور بار کونسل کی رکنیت میں بھی تاخیر ہوگی۔ادھر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد عراقی نے بتایا کہ اسکول آف لا کے انچارج پروفیسر توحید کی تجویز پر ہم نے طلبہ کو ایک موقع دیا ہے اور 10ویں سمسٹر کے طلبہ کے سمسٹر امتحانات ری شیڈول کردیے ہیں اور امتحانات کو ایک ہفتے آگے بڑھا دیا گیا ہے ، اس ایک ہفتے میں یہ طلبہ فیسیں جمع کرسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں