کمسن بچے کی ماہانہ کفالت سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری
عدالت نے والد کو ماہانہ ایک لاکھ 30 ہزار روپے ادائیگی کا پابند کردیا
کراچی (عبدالحسیب خان) سندھ ہائیکورٹ نے کم سن بچے ایان عباس کی ماہانہ کفالت میں اضافے سے متعلق دائر آئینی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے باپ کو نومبر 2025 سے ہر ماہ 1 لاکھ 30 ہزار روپے ادائیگی اور 10 فیصد سالانہ اضافہ کا پابند کردیا۔ جسٹس نثار احمد بھنبھرو نے تفصیلی فیصلے میں لکھا کہ بچے کی دیکھ بھال اور بہتر تعلیم بنیادی حق ہے اور باپ کا یہ قانونی و مذہبی فریضہ ہے کہ وہ اپنی آمدن کے مطابق معیاری کفالت فراہم کرے ۔ والد ملک سے باہر برطانیہ میں مقیم ہے ، والد کی آمدن بہتر ہے اور اپنے دیگر بچوں کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کر رہا ہے۔
اس لیے مساویانہ بنیادوں پر ایان عباس بھی اسی معیار کا حق رکھتا ہے ۔ درخواست گزار حنا بتول کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ والد نے شادی کے کچھ ہی عرصے بعد خاتون برطانیہ سے واپس پاکستان بھیج دیا، بچے کی پیدائش اور تمام ابتدائی اخراجات ماں کے خاندان نے اٹھائے جبکہ والد نے کبھی بچے سے ملنے یا پرورش میں حصہ ڈالنے کی کوشش نہیں کی۔ بچہ کراچی کے نجی اسکول میں پڑھ رہا ہے جہاں ماہانہ فیس 54 ہزار روپے ہے جو ماں خود ادا کرتی رہی ہے ۔