حیدرآباد میں ایس آئی یو ٹی کا قیام جلد عمل میں آئے گا،وزیر صحت

حیدرآباد میں ایس آئی یو ٹی کا قیام جلد عمل میں آئے گا،وزیر صحت

حکومت نیاز اسٹیڈیم اور پارکس کی اپ گریڈیشن پر بھی توجہ دے رہی ،عذرا پیچوہو کچی آبادیوں کے مسائل حل کرائیں گے ، سرکٹ ہاؤس میں کھلی کچہری سے خطاب

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے اور محکموں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بدھ کو سرکٹ ہاؤس میں کھلی کچہری منعقد کی، جس میں میئر کاشف علی شورو ، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، ایس ایس پی عدیل چانڈیو، ڈی جی ہیلتھ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، ایم ایس سول اسپتال سمیت متعدد دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت اور صوبائی وزیر کو شکایات سے آگاہ کیا۔ عذرا پیچوہو نے شکایات سنتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ، ایس آئی یو ٹی کا ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں قیام کا منصوبہ ہے ،حیدرآباد میں بھی اس کا قیام جلد ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا شہر میں موجود طبی سہولیات کو اپ گریڈ ، سول اسپتال کے برنز وارڈ کو بہتر بنانے اور عملے کو تربیت دینے پر کام جاری ہے ، سندھ حکومت نیاز اسٹیڈیم، پارکس کی اپ گریڈیشن اور اسپورٹس گراؤنڈز کے قیام پر بھی توجہ دے رہی ہے ، متعلقہ اتھارٹی سے بات کر کے کچی آبادیوں کے مسائل حل کرائے جائیں گے ۔ سوئی گیس اور حیسکو سے متعلق شکایات پر صوبائی وزیر نے شہریوں سے کہا کہ اپنی تحریری شکایات میئر حیدرآباد کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ وفاقی محکموں کو بھیجی جا سکیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں