کورنگی نالے میں گرکرجاں بحق معمر شخص سپردخاک
نماز جنازہ میں متوفی کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد میں شرکت
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کورنگی میں نالے میں گر کر جاں بحق ہونے والے بزرگ شہری کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔80 سالہ کالے خان ولد محمد اسلم منگل کی شام کورنگی تھانے کے علاقے کورنگی نمبر تین کبڈی گرائونڈ کے قریب نالے میں گرکرجاں بحق ہوگئے تھے ۔ متوفی کی نمازجنازہ بدھ کو بعد نماز ظہر جامعہ مسجد عمرفاروقؓ کورنگی تین سیکٹر 35 میں ادا کی گئی جس میں متوفی کے اہلخانہ اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔مرحوم کو نورانی گوٹھ قبرستان کورنگی نمبر ایک میں آہوں اورسسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ متوفی کورنگی میں ہی جھونپڑ پٹی میں فیملی کے ہمراہ رہائش پذیر تھے ، کچرا اور گتے جمع کرکے اپنا گزر بسر کرتے تھے ۔اہلخانہ علاقہ کے مطابق منگل کی شام سوا چھ بجے کے قریب مغرب کی نماز کی ادائیگی کے بعد بزرگ شہری کالے خان سائیکل لیکر گھر کی طرف جا رہے تھے کہ پیر پھسلنے سے نالے میں جاگرے ، سڑک پراسٹریٹ لائٹ نہ ہونے کے باعث اندھیرا تھا۔اہل علاقہ نے بتایا کہ علاقے میں جگہ جگہ گٹراورنالے کھلے ہوئے ہیں نہ ہی نالے کی کوئی حفاظتی دیوار بنی ہوئی ہے اس سڑک پروارداتوں کی وجہ سے رات میں سناٹا رہتا ہے ، نالے کے سامنے معذور افراد کا اسکول ہے جہاں چند روز قبل وزیراعلیٰ آئے تھے ، وزیراعلیٰ کی آمد پر نالے کو قناتیں لگا کر چھپایا گیا تھا۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کو کئی درخواستیں دے چکے ہیں لیکن شنوائی نہیں ہوئی، متوفی بزرگ شہری 2 بیٹوں اور ایک بیٹی کے باپ تھے ۔