سکھر میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ بنایا جا رہا، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل
تکنیکی معاملات پر بات جاری،عمرہ، زیارات، گلف ممالک کیلئے فلائٹس چلائی جائینگیہو جمالو ٹرین نئے سال میں چلائی جائیگی، ریلویز سے معاہدہ ہوچکا ہے ، کمیل حیدر شاہ
سکھر (بیورو رپورٹ) ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سکھر ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئر پورٹ بنایا جارہا ہے ، جہاں سے عمرہ، زیارات اور گلف ممالک کے لیے فلائٹس چلائی جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے زیر اہتمام بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر پر فل اسکیل ایئرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز \"SAFE SKY-2025\" کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ کی تعمیرات کے لیے زمین کی خریداری شروع کی جارہی ہے ، ہو جمالو ٹرین نئے سال میں چلائی جائے گی،اس حوالے سے پاکستان ریلویز سے معاہدہ ہوچکا ہے ،تکنیکی معاملات پر بات ہورہی ہے ۔ کمیل حیدر کا کہنا تھا پہلے سال ٹرین مفت چلائی جائے گی،لوکل مسافر ٹرین کی کامیابی کے لیے لوکل کونسلز اور میونسپل کارپوریشن کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مکافات عمل سے گزر رہے ہیں، انہوں نے سیاست میں بدتمیزی متعارف کرائی، بانی پی ٹی آئی گالم گلوچ کی سیاست کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا ناجائز استعمال نقصان دہ ہے ، بانی پی ٹی آئی کے حالات سے ہم سب کو سبق حاصل کرنا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں نیو ایئر خوشی کے ساتھ منایا جائے گا، آتش بازی اور میوزکل کنسرٹ ہوگا۔