مزارقائد کے سامنے سیوریج اوورفلو پر افسران معطل

مزارقائد کے سامنے سیوریج اوورفلو پر افسران معطل

وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری نے سفر کے دوران سڑک پرپانی کانوٹس لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے 25 دسمبر 2025 کو مزارِ قائد کا سفر کرتے ہوئے سڑک پر سیوریج کے اوورفلو کا سخت نوٹس لیا۔ اس غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ نتیجتاً، ایگزیکٹو انجینئر (ایکس ای این) سیوریج، جناح ٹاؤن، کراچی واٹر کارپوریشن، علی احمد اور سب انجینئر، جناح ٹاؤن، قمر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے ۔ سندھ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، معطلی کے دوران دونوں افسران کا ہیڈکوارٹر منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، کراچی کا دفتر ہوگا۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی اور سیوریج کے نظام کو فوری اور موثر اقدامات کے ذریعے بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی اور نکاسیٔ آب کے معاملات میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ صفائی اور نکاسیٔ آب کے نظام میں کسی بھی کوتاہی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی سختی سے نافذ کی جا رہی ہے اور کسی بھی افسر کی غفلت کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں