گھر میں کھڑی گاڑی پر شہری کو 2ای چالان موصول

گھر میں کھڑی گاڑی پر شہری کو 2ای چالان موصول

سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر 10، 10ہزار روپے مالیت کے دو چالان بھیجے گئےمتاثرہ شہری کی گاڑی 1987کا ماڈل ، ای چالان کی تصاویر نئی گاڑی کی ہیں

کراچی (این این آئی)ای چالان جاری کرنے والے نظام کی مبینہ غلطی کے باعث گھر میں کھڑی گاڑی کے مالک کو 25 روز کے اندر دو ای چالان بھیج دیے گئے ۔تازہ ترین واقعے میں کراچی کے ایک شہری کو 25 روز کے اندر سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر 10، 10 ہزار روپے مالیت کے دو چالان بھیجے گئے ہیں۔اس معاملے کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ جس شخص کو یہ چالان موصول ہوئے ، اس کی گاڑی طویل عرصے سے گھر پر ہی کھڑی ہے ۔ متاثرہ شہری کی گاڑی 1987 کا ماڈل ہے ، جبکہ ای چالان کی تصاویر میں خلاف ورزی کرنے والی گاڑی بالکل نئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق جس گاڑی پر چالان کیے گئے ، اس پر جعلی نمبر پلیٹ لگی تھی جو دو صوبوں میں استعمال ہوتی رہی۔

جرائم پیشہ عناصر نے نئی گاڑی پر 1987 ماڈل کی گاڑی کی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا شخص مبینہ طور پر اسی جعلی نمبر پلیٹ کے ساتھ بلوچستان آتا جاتا رہتا ہے ۔گاڑی کا پہلا چالان 23 نومبر کو پنجاب چورنگی کے قریب، جبکہ دوسرا چالان 18 دسمبر کو حب ٹول پلازہ سے گزرتے وقت کیا گیا۔سی سی ٹی وی کیمرے سے لی جانے والی تصاویر کے مطابق دونوں بار گاڑی چلانے والا شخص ایک ہی تھا۔پولیس کی جانب سے متاثرہ شہری کو اس حوالے سے تحریری درخواست دینے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ معاملے کی تحقیقات کی جا سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں