ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی 96 کلو چرس پکڑی گئی
ملزمان امجد اورنصیرکو لیاری ایکسپریس وے موڑ کے قریب گرفتار کیا گیا وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کی ایس ایس پی کیماڑی اور ان کی ٹیم کو شاباش
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کیماڑی میں پولیس کی بڑی کارروائی، ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی 96 کلو چرس برآمد، دو ملزمان گرفتار کرلیے ۔تفصیلات کے مطابق کیماڑی کے علاقے شیر شاہ میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کرلی۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق کارروائی کے دوران 96 کلو گرام چرس برآمد کی گئی جس کی مالیت ایک کروڑ 44 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو لیاری ایکسپریس وے موڑ کے قریب گرفتار کیا گیا، جبکہ منشیات گاڑی کے خفیہ خانوں سے برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت امجد اور نصیر کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، ملزمان بلوچستان کے مختلف علاقوں سے منشیات خرید کر کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ گرفتار افراد کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ شیر شاہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات نیٹ ورک کے دیگر کرداروں تک پہنچا جا سکے ۔دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کیماڑی شیر شاہ پولیس کی بروقت اور موثر کارروائی پر ایس ایس پی کیماڑی اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ 96 کلو چرس کی برآمدگی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے ۔