صدر کراچی بار کی کل ہڑتال کی کال سے عہدیداران کی لاتعلقی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وکیل کے خلاف مقدمہ اندراج کے خلاف صدر کراچی بار عامر وڑائچ کی پیر (کل)کو سٹی کورٹ میں ہڑتال کی کال سے بار کے دیگر عہدیداران نے اعلان لاتعلقی کیا ہے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور دیگر عہدیداران نے واضح کیا ہے کہ ہڑتال کا اعلان کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر کا ذاتی اقدام ہے اور یہ بار کی اجتماعی پالیسی یا فیصلے کی عکاسی نہیں کرتا۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہڑتال کا فیصلہ بار کی کابینہ یا عہدیداروں سے مشاورت کے بغیر کیا گیا، جس کے باعث کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اس کال کی حمایت نہیں کرتے ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت بار کے دو ارکان کے درمیان پیدا ہونے والا تنازعہ زیرِ غور ہے ، جنہیں 12 جنوری کو دوپہر 2 بجے کراچی بار ایسوسی ایشن کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ عہدیداران نے دونوں فریقین سے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کریں۔ دونوں ارکان باہمی گفت و شنید کے ذریعے یا کسی غیر جانبدار سینئر وکیل کو ثالث مقرر کرکے اختلافات کو خوش اسلوبی سے حل کریں۔