سندھ میں ڈاکو راج، دارالخلافہ لہو لہو ہے ،کاشف شیخ

سندھ میں ڈاکو راج، دارالخلافہ لہو لہو ہے ،کاشف شیخ

وڈیرا شاہی اور کرپٹ نظام کے خلاف بڑی تحریک شروع کرنے جارہے ہیں عوام سراپا احتجاج اور ان کی کوئی داد فریاد سننے والا نہیں ہے ، اجلاس سے خطاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پورے ملک میں بدامنی اور سندھ میں ڈاکو راج ہے ، شہر کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز اور جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں آئے روز معصوم لوگوں کا قتل 17سال سے سندھ پر مسلط پی پی حکومت کی نااہلی اور بیڈ گورننس کا کھلا ثبوت ہے ۔ جماعت اسلامی سندھ میں بدلو نظام۔سنواردو سندھ کو مہم کے ذریعے وڈیرا شاہی اور کرپٹ نظام کیخلاف بڑی تحریک شروع کرنے جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباآڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی نظم کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ادارے کو آئین کے مطابق اپنے دائرہ کار میں رہ کر کاکام کرنا چاہئے ۔ سندھ حکومت صوبے میں قیام امن اور شہریوں کی جان ومال کی حفاظت میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔عملی طور سندھ لاوارث اور پورا صوبہ ڈاکو راج کے حوالے ہے ، کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے ، صوبائی دارالخلافہ کراچی لہو لہو ہے ، چند ماہ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر89 افراد جان سے گئے ، ٹریفک حادثات میں 830 افراد جاں بحق اور 11 ہزار 837 زخمی ہوئے ہیں۔ کون سے ملک یا شہر میں موبائل یا گاڑی چھینے پر لوگوں کو قتل کیا جاتا ہے ، عوام سراپا احتجاج اور ان کی کوئی داد فریاد سننے والا نہیں ہے ، مراد علی شاہ کی حکومت قیام امن اور عوام کی حفاظت میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں