کاٹی کی سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات پر تشویش

کاٹی کی سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات پر تشویش

شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں کی جانیں شدید خطرے میں ہیں آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے سوا کوئی عملی راستہ باقی نہیں رہا،صدرکاٹی

کراچی (این این آئی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر محمد اکرام راجپوت اور ایکٹنگ پیٹرن ان چیف زبیر چھایا نے کراچی شہر میں آوارہ کتوں کے باعث بڑھتے ہوئے سگ گزیدگی کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں سگ گزیدگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے باعث شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں کی جانیں شدید خطرے میں ہیں۔ موجودہ صورتحال میں فوری اور مؤثر اقدامات کے لیے آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے سوا کوئی عملی راستہ باقی نہیں رہا۔صدر کاٹی محمد اکرام راجپوت نے واضح کیا کہ نیوٹرل کرنے کا عمل نہ صرف وقت طلب ہے بلکہ موجودہ ہنگامی صورتحال میں اس کے نتائج فوری طور پر سامنے نہیں آ سکتے ، جبکہ سگ گزیدگی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے کی مخالفت میں بار بار عدالتوں سے حکم امتناع حاصل کر لیا جاتا ہے ، جس کے باعث مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے اور شہری مسلسل اذیت کا شکار ہیں۔اکرام راجپوت کا کہنا تھا کہ آوارہ کتوں کے باعث شہریوں، بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو درپیش خطرات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ، کورنگی صنعتی علاقے میں بھی ملازمین کو آوارہ کتوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ میئر کراچی کی قیادت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم عوامی تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں