نوجوانوں کو صوفیاکی تعلیمات سے جوڑناہوگا،صوبائی وزیر

نوجوانوں کو صوفیاکی تعلیمات سے جوڑناہوگا،صوبائی وزیر

صوفیا کا پیغام انتہاپسندی اور تقسیم کے خلاف مضبوط فکری بنیاد فراہم کرتا ہےریاض شیرازی کا حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر صوبائی وزیر برائے اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے خصوصی پیغام میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی دینی، روحانی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ نے اپنی تعلیمات اور عملی کردار کے ذریعے محبت، انسان دوستی، برداشت اور اخوت کا ایسا پیغام دیا جو آج بھی معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔ انہوں نے ذات، نسل، زبان اور فرقے کی تمام دیواروں کو گرا کر انسانیت کو جوڑنے کا درس دیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ آج بھی امن، رواداری اور بھائی چارے کی روشن علامت ہے ، جہاں ہر مکتبہ فکر اور ہر طبقے کے لوگ حاضری دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ درگاہ صرف عبادت کا مقام نہیں بلکہ اصلاحِ معاشرہ، سماجی ہم آہنگی اور انسان دوستی کا مضبوط مرکز ہے ۔ سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو صوفیاء کرام کی تعلیمات سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، کیونکہ صوفیاء کا پیغام انتہاپسندی، نفرت اور تقسیم کے خلاف مضبوط فکری بنیاد فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے فلسفہ محبت اور خدمتِ خلق کو اپنایا جائے تو معاشرے میں امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف تمام صوفیاء کرام کے پیغام کو عام کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں