سال 2025:رینجرز کے598انسداد دہشتگردی آپریشنز،126دہشتگرد گرفتار
گرفتار ملزمان میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد بھی شامل ہیں پولیس کے ساتھ مشترکہ 58کارروائیوں کے دوران کچے کے علاقے سے 146ملزمان پکڑے جن کے سروں کی قیمت مقرر تھی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ نے 2025 میں مختلف آپریشن بھرپور طریقے سے انجام دیئے اور اپنے بیشتر اہداف حاصل کیے پاکستان رینجرز (سندھ) نے سال 2025میں دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کے خلاف 672 آپریشنز کیے ۔ مختلف کارروائیوں کے دوران 227 ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار کر کے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیاگیا۔ گرفتار ملزمان میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد شامل ہیں۔دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر598آپریشنز کیے گئے اور 126 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جن میں بدنام زمانہ انعام اللہ عرف لالا، نعیم اللہ عرف عمر زالی، محمد طیب عرف محمد (فتنہ الخوارج حافظ گل بہادر گروپ) ، عبدالرحمان عرف عبداللہ عرف چارلی (بی ایل اے ) اور اللہ خان عرف عبداللہ محسود (فتنہ الخوارج نور ولی عرف ابو عاصم گروپ) وغیرہ شامل ہیں۔ ان تمام دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کیا گیا۔ بھتہ خوری کے خلاف مجموعی طور 72 آپریشنز میں 90 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا جن میں عبداللہ، مبشر عرف مایا (وصی اللہ لاکھو گروپ) ، امیر حمزہ ، فیضان عرف لمبو، محمد عامر (صمد کاٹھیاوری گروپ) ، حماد عرف چیل ، عبداللہ ، شکیل احمد عرف کامریڈ (جمیل چھانگا گروپ) اور حماد عرف حمو (شکیل بادشاہ گروپ) جیسے مطلوب ملزم شامل ہیں۔ 11 اغواء کاروں کو گرفتار کیا گیا۔ان میں اغواء کار وسیم اور نیکسن مسیح کے علاوہ مزار قائد کے قریب سے ایک اغواء کار گروپ کو جن میں عامر علی، بلال علی، فیصل رانا، گلزاراں شبیر اور گروپ کے سرغنہ محمد نعمان کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا۔کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ آپریشن پاکستان رینجرز (سندھ) نے پولیس کے ساتھ مشترکہ 58 کارروائیوں کے دوران کچے کے علاقے سے 146 ملزمان کو گرفتارکیا جن میں ہزارا عرف لالا شیخانی اور آذان عرف چھلو ہلاک ڈاکوؤں پر 50، 50 لاکھ روپے انعامی رقم بھی مقرر تھی۔