جنازے سے واپسی پر معمر موٹرسائیکل سوار کو واٹرٹینکر نے کچل دیا
عبدالواحد واٹر بورڈ کا ریٹائرڈ ملازم تھا،حادثے میں ایک شخص زخمی،ذمہ دار ڈرائیور گرفتار
کراچی (این این آئی)منگھوپیر میں واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو روند دیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔منگھوپیر تھانے کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ایس ایچ او منگھوپیر نے بتایا کہ متوفی کی شناخت عبدالواحد کے نام سے ہوئی جس کی عمر 55 سال کے قریب ہے جبکہ زخمی ہونے والے 45 سالہ صالح محمد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور طارق کو گرفتار کر کے واٹر ٹینکر قبضے میں لے لیا ہے ، پولیس نے متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ایس ایچ او منگھوپیر خوش نواز نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 55 سالہ عبدالواحد کے نام سے کی گئی جو کہ واٹر بورڈ کا ریٹائرڈ ملازم بتایا جاتا ہے ۔متوفی اور زخمی دونوں آپس میں دوست ہیں اور منگھوپیر اونگی گوٹھ کے رہائشی ہیں جو کہ کسی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد واپس اپنے گھر جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے ۔