شفافیت یقینی بنانے کیلئے انفارمیشن کمیشن کا سروسز اسپتال کا دورہ

شفافیت یقینی بنانے کیلئے انفارمیشن کمیشن کا سروسز اسپتال کا دورہ

اراکین نے ادویات، بجٹ، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف ودیگر امور کا جائزہ لیاویب سائٹ کی بندش پر ناراضی، معلومات کو اپ لوڈ کرنے کے احکامات دئیے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)معلومات تک رسائی اور شفافیت کے قانون 2016 کے تحت سندھ انفارمیشن کمیشن کے اراکین سلیم خان اور نور محمد دایو نے بہتر نظم و نسق اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال کا دورہ کیا،اراکین نے اسپتال کے بجٹ، ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل اسٹاف کی تفصیل، ریکارڈ روم ،ادویات کے اسٹور اور دیگر امور کا جائزہ لیا اور اسپتال کے مختلف وارڈز اور سیکشنز بشمول میڈیکل ری امبرسمنٹ سیکشن کا بھی دورہ کیا،انفارمیشن کمیشن اراکین نے اسپتال کی ویب سائٹ کے فعال نہ ہونے اور ایکٹ کے تحت معلومات کی فراہمی کے لئے افسر مقرر نہ کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور ویب سائٹ کو فوری فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایکٹ کے تحت درکار تمام معلومات کو اپ لوڈ کرنے کے بھی احکامات دئیے ،اس موقع پر انفارمیشن کمشنر محمد سلیم خان نے کہا کہ معلومات تک رسائی ہر پاکستان شہری کا بنیادی حق ہے جو کہ اسے آئین پاکستان کے سیکشن 19-اے کے تحت بھی دیا گیا ہے ۔ اس لئے تمام سرکاری ادارے عوامی مفاد کی معلومات فراہم کرنے اور سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کے پابند ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ اس ایکٹ کے تحت تمام سرکاری محکمے عوام کو معلومات کی فراہمی کے لئے 16 یا اس سے اوپر گریڈ کا افسر مقرر کریں۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے یقین دلایا کہ کمیشن کے احکامات کی مکمل پابندی کی جائے گی،انہوں نے ویب سائٹ ایک ماہ میں مکمل فعال اور معلومات فراہمی کیلئے افسر مقرر کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں