پیپلزپارٹی کرپشن کی بے تاج بادشاہ، جماعت اسلامی سندھ

پیپلزپارٹی کرپشن کی بے تاج بادشاہ، جماعت اسلامی سندھ

ترقی مخصوص طبقے تک محدود رہے تو اسے ناانصافی کہا جائے گا، کاشف شیخعوام پانی، صحت و تعلیم اور امن جیسی بنیادی سہولت سے محروم،صوبائی امیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے اسلام آباد میں پریزنٹیشن اور کچھ قوتیں سندھ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنا چاہتی ہیں کے بیان پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے شمار وسائل سے مالامال سندھ کے عوام آج کے جدید دور میں بھی پینے کے صاف پانی صحت و تعلیم اور امن جیسی بنیادی سہولت سے محروم، 78لاکھ بچے اسکول سے باہر،50فیصد گیس اور 30فیصد گھرانے سندھ میں بجلی کی نعمت سے محروم ہیں۔

گیس کی کل پیداوار میں 72 فیصد سندھ دیتا ہے مگر سندھ میں چولہے ٹھنڈے اور اندھیروں کا راج ہے ۔ اگر ترقی صرف چند علاقوں یا مخصوص طبقے تک محدود رہے تو اسے ترقی نہیں بلکہ ناانصافی کہا جائے گا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تھر کے وسائل پر سب سے پہلا حق تھر کے عوام کا تسلیم کیا جائے ، انہیں بجلی، روزگار، صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ماحولیاتی تحفظ کو ترقی کی پالیسی کا بنیادی حصہ بنایا جائے ۔ کرپشن اور ڈاکوراج سندھ کی پہچان بنادی ہے ،غربت و افلاس اور خوراک کی قلت کی وجہ سے بچے مررہے ہیں لوگو خودکشیاں کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کرپشن کی بے تاج بادشاہ ہے جس نے سندھ کے عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی بجائے اپنے نعرے برعکس عوام سے روٹی کپڑا اور مکان چھینا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں