اہم شاہراہوں کی عمارتوں میں فائر سیفٹی سہولت نہ ہونے کا انکشاف

اہم شاہراہوں کی عمارتوں میں فائر سیفٹی سہولت نہ ہونے کا انکشاف

آئی آئی چندر یگر روڈ، شارع فیصل اور شاہراہ قائدین کی 266 عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ ،صرف 6 عمارتوں میں سہولت دستیاب200سے زائد عمارتوں میں آگ بجھانے کے آلات ، 62 فیصد میں ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہیں، 70 فیصدمیں غیرمعیاری وائرنگ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد کی 3 اہم شاہراہوں کی 266 میں سے صرف 6 عمارتوں میں فائر سیفٹی سہولت موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئی آئی چندر یگر روڈ، شارع فیصل اور شاہراہ قائدین کی 266 عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ سامنے آگیا، یکم جنوری 2024 کی آڈٹ رپورٹ پر 2026 میں بھی عمل نہیں کروایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق آئی آئی چندر یگر روڈ، شارع فیصل اور شاہراہ قائدین کی 266 عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا گیا، 3 اہم شاہراہوں کی 266 میں سے صرف 6 عمارتوں میں فائر سیفٹی سہولت موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔کے ایم سی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا کہ 200 سے زائد عمارتوں میں آگ بجھانے کے آلات موجود نہیں ہیں، 62 فیصد عمارتوں میں ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہیں، جبکہ 70 فیصد عمارتوں میں بجلی کی وائرنگ غیر معیاری ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو فائر بریگیڈ حکام کو سہولیات فراہم کرنے کی سفارش کی لیکن عمل نہ ہوا، ایس بی سی اے اور رہائشیوں کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن عمل نہ ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 266 میں سے 90 عمارتوں میں فائرالارم اور اسموک ڈٹیکٹر موجود تھے ، عمارتوں میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کے خدشات ہیں۔ یاد رہے کہ کراچی میں سال 2025کے دوران آتشزدگی کے 2500سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ،آتشزدگی کے واقعات میں 4خواتین سمیت 6افراد جھلس کر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ۔آتشزدگی کے سب سے زیادہ 278 واقعات ماہ اکتوبر میں پیش آئے ۔جنوری میں 267، فروری میں 203، مارچ میں 256، اپریل میں 232،مئی میں 169واقعات، جون میں 197، جولائی میں 148، اگست میں 166،ستمبر میں 141، اکتوبر میں 278، نومبر میں 265 اور دسمبر میں آگ لگنے کے 202 واقعات رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ برس شہر کے 29 فائر اسٹیشنز میں آتشزدگی کے مجموعی طور پر 2 ہزار 524 واقعات رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سینٹرل فائر اسٹیشن میں 217، صدر فائر اسٹیشن میں 191، ناظم آباد میں 166، لیاری میں 120، سائٹ میں 148، کورنگی میں 146، لانڈھی میں 86، گلستان مصطفی میں 153، اورنگی فائر اسٹیشن میں 86، شاہ فیصل میں 77، منظور کالونی میں 191، نارتھ کراچی میں 137، بلدیہ ٹاؤن میں 13، ای آر سی ہاکس بے میں ایک، بولٹن مارکیٹ میں 48، گلستان جوہر میں 99، کیٹل کالونی میں 1، سوک سینٹر میں 53، ملیر میں 68، گلشن اقبال میں 168، گلشن معمار میں 26، سپر ہائی وے ٹو میں 60، سائٹ ایسوسی ایشن میں 24، کاٹی کورنگی میں 91، نکاٹی میں 21، ای پی زون میں 102اور لاٹی فائر اسٹیشن میں آتشزدگی کے 31 واقعات رپورٹ ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں