طلبا کوبہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح،محمد یوسف
کالج کے مرکزی گیٹ کے سامنے ٹوٹی ہوئی پلیا کی ازسرِ نو تعمیر مکمل پلیا کی خستہ حالی سے طلبہ کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا تھا
کراچی (این این آئی) چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے گورنمنٹ ڈگری کالج سیکٹر 5L کے پرنسپل کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کالج کے مرکزی گیٹ کے سامنے ٹوٹی ہوئی پلیا کی ازسرِ نو تعمیر مکمل کروا دی، جس کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا گیا۔ اس اقدام سے طلبہ کو کالج آنے جانے میں درپیش شدید مشکلات کا خاتمہ ہو چکا ہے ۔اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، کالج کے پرنسپل اور ٹاؤن افسران مشتاق خان، فیصل صغیر اور خالد حسین بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ایک ماہ قبل کالج کے پرنسپل نے انہیں پلیا کی خستہ حالی سے آگاہ کیا تھا۔ جس کے باعث طلبہ کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا تھا۔ حال ہی میں ایک ڈمپر کے گزرنے سے پلیا مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھی، جس کے بعد تعمیراتی کام کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینڈر اور دیگر کاغذی کارروائی انتہائی تیزی سے نمٹائی گئی تاکہ بروقت تعمیر ممکن ہو سکے۔
محمد یوسف نے کہا کہ کالج کے طلبہ ہمارے بچے ہیں اور پاکستانی قوم کا مستقبل ہیں انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج سیکٹر 5L کے پرنسپل نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی کے ذریعے پلیا کی تعمیر ایک بہترین اقدام ہے ، جس سے نہ صرف کالج کے طلبہ بلکہ علاقے کے رہائشیوں کو بھی سہولت حاصل ہوئی ہے ۔