سرکاری محکموں میں ای پروکیورمنٹ سسٹم کا نفاذ لازمی قرار

سرکاری محکموں میں ای پروکیورمنٹ سسٹم کا نفاذ لازمی قرار

خریداری کو شفاف، مؤثر اور منصفانہ بنانے کیلئے ترامیم کی ، ضیا الحسن لنجار تبدیلی جدید عوامی مالیاتی انتظام کے لئے تزویراتی ضرورت ہے ، خطاب

کراچی (این این آئی)حکومتِ سندھ نے سرکاری خریداری کے عمل کو مزید شفاف، موثر، مسابقتی اور منصفانہ بنانے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام محکموں میں ای پروکیورمنٹ سسٹم کے نفاذ کو لازمی قرار دے دیا ہے ۔اس ضمن میں سندھ پبلک ای پروکیورمنٹ سسٹم اور سندھ پبلک پروکیورمنٹ رولز 2010 میں حالیہ ترامیم سے آگاہی کیلئے سربراہانِ محکمات کیلئے خصوصی اورینٹیشن سیشن منعقد کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ضیا الحسن لنجار نے کی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام صوبے میں سرکاری خریداری کے عمل کو شفاف، موثر مسابقتی اور منصفانہ بنانے کیلئے عمل میں لایا گیا تھا۔ چیئرمین سیپرا ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ پبلک پروکیورمنٹ رولز 2010 میں حالیہ ترامیم کا مقصد عملی چیلنجز کا حل، وضاحت میں اضافہ اور جوابدہی کو بہتر بنانا ہے جبکہ ان ترامیم کے ذریعے خریداری کے طریقوں کو حکمرانی کی ابھرتی ضروریات اور بین الاقوامی بہترین طریقوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ای پیڈزکے ذریعے ڈیجیٹلائزیشن ان اصلاحات کی منطقی اور ضروری توسیع ہے ، جو ریگولیٹری نگرانی کو مضبوط بناتی ہے ۔چیئرمین سیپرا کا کہنا تھا کہ یہ تبدیلی محض طریقہ کار کی تبدیلی نہیں بلکہ جدید عوامی مالیاتی انتظام کے لیے ایک تزویراتی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں