صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کیلئے 48گھنٹے کی گیس بندش
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن گیس کمپنی نے گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر گیس پریشر کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صنعتی شعبے اور سی این جی سیکٹر کو 48 گھنٹوں کیلئے گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
سوئی سدرن گیس کی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ صارفین کو مسلسل اور بہتر گیس پریشر فراہم کرنے کی حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا ہے ۔جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صنعتی صارفین، بشمول کیپٹو پاور پلانٹس، اور تمام سی این جی اسٹیشنز، بشمول آر ایل این جی پر چلنے والے اسٹیشنز، کو 24 جنوری بروز ہفتہ صبح 8 بجے سے 26 جنوری بروز پیر صبح 8 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ اس عارضی بندش کے دوران دستیاب گیس کو گھریلو اور کمرشل صارفین کی ضروریات کیلئے مختص کیا جائے گا۔