سانحہ گل پلازہ نے نظام بے نقاب کر دیا ،سیف الدین ایڈووکیٹ

سانحہ گل پلازہ نے نظام بے نقاب کر دیا ،سیف الدین ایڈووکیٹ

سندھ حکومت کو اب اقتدار میں نہیں رہنا چاہیے ، وزیر اعلیٰ ،میئر فوری استعفیٰ دیںہائی کورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بنائی جائے ، گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈرکے ایم سی اور نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے جمعہ کو سانحہ گل پلازہ کے مقام کا دورہ کیا۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ پر 17سال سے مسلط پیپلز پارٹی اہل کراچی کے مسائل کا حل نہیں بلکہ خود سب سے بڑا مسئلہ ہے ، سندھ حکومت کراچی کیلئے سیکوریٹی رسک بن چکی ہے ، سانحہ گل پلازہ نے سندھ حکومت اور اس کے ماتحت پورے نظام کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے ، اس حکومت و نظام کو اب بدلنا پڑے گا، سندھ حکومت کو اب اقتدار میں نہیں رہنا چاہیے ، وزیر اعلیٰ اور قابض میئر استعفی دیں، یہ عوام کے حقیقی نمائندے نہیں۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے میئر کا راستہ روکا گیا، اگر ہمارا میئر ہوتا شہر کی موجودہ ابتر حالت یہ نہیں ہوتی اور شہر لاکھ درجے بہتر ہوتا۔

اپوزیشن لیڈرکے ایم سی نے کمشنر کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ہائی کورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بنائی جائے جس میں شہر کے اسٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے ،ذمہ داروں کے تعین کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انتہائی ضروری امر یہ ہے کہ اعلیٰ سطح پر اس امر کا جائزہ لیا جائے کہ شہر کی موجودہ ابتر حالت، حادثات،سانحے پر سانحے کی نوبت کیوں پہنچی اور آئندہ ایسا نہیں ہونا چاہیے ،حکومتی سطح پر افسوس اور کوتاہی کے اظہار سے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے زخموں پر مرحم نہیں رکھا جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں