خواتین کو یرغمال بناکر ڈکیتی کرنیوالا گروہ سرغنہ سمیت گرفتار
تکنیکی بنیادوں پر کارروائی، اسلحہ، زیورات، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمدڈکیتی میں رسیوں سے باندھنے کا انکشاف، درجنوں وارداتوں کا ریکارڈ مل گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں خواتین کو یرغمال بناکر گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والا گروہ پکڑا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کیماڑی ڈاکس پولیس نے تکنیکی بنیاد پر اہم کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا سرغنہ دیگر ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا۔ پولیس کی جانب سے چار رکنی ڈکیت گروہ کو تکنیکی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے ۔اسلحہ دو پستول، چھیننے ہوئے موبائل فون اور طلائی زیوارات برآمد ہوئے ۔ ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے ۔ملزمان ڈکیتی کے دوران گھر کی خواتین کو بھی ہراساں کرتے تھے ۔ خواتین اور بزرگ بچوں کو رسیوں سے باندھ کر یرغمال بنایا جاتا تھا۔ملزمان نے دسمبر 2025 کے دوران مدینہ چوک پر گھر میں لوٹ مار کی واردات کی تھی۔
لوٹ مار کے دوران ملزمان نے گھر سے دو تولہ طلائی زیورات، دو موبائل فون اور نقدی رقم لوٹی تھی۔ ملزمان کی شناخت مصطفیٰ، یاسین، ابوبکر اور عبد الرحمٰن کے نام سے ہوئی ۔گرفتار ملزم مصطفیٰ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر آویزاں ہوئی تھی۔گرفتار ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے ۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے درجنوں لوٹ مار اور گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے ۔گرفتار ملزم یاسین پر تھانہ ڈاکس میں شہری سے لوٹ مار کا مقدمہ درج ہے ۔ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شہری سے موبائل فون اور نقدی رقم چھینی تھی۔گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ڈاکس میں مزید ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔