مختلف اضلاع میں 19روڈ سائیڈ تجاوزات کیخلاف کارروائی
7ہوٹلز اور 3دکانیں سیل،تجاوزات پھرقائم کرنے پر جرمانوں کی وارننگبلا رعایت کارروائی کی جائے ،کمشنر،شہریوں کا مزید سخت اقدامات کا مطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر سید حسن نقوی کی ہدایت پر شہر میں روڈ سائیڈ تجاوزات اور ہوٹل سیٹنگز کے خلاف مختلف اضلاع میں کارروائی جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنرز جنوبی ،شرقی غربی وسطی ملیر اور کورنگی نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو جمعرات کو کی جا نے والی کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی ۔رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 19 روڈ سائیڈ سافٹ تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی میں تین دکانیں سیل کی گئیں ،تینوں دکانیں ضلع جنوبی میں واقع تھیں جنہوں نے تجاوزات کا ارتکاب کیا، دیگر دکانیں ضلع شرقی وسطی، کور نگی غربی اور ملیر میں قائم تھیں، ہوٹل سیٹنگز پر سات ہوٹلز سیل کئے گئے ۔ساتوں ہوٹلز ضلع جنوبی میں سیل کئے گئے جبکہ پانچ روڈ سائیڈ ہوٹل سیٹنگز کے خلاف دوبار ہ ہوٹل سیٹنگز نہ کر نے کی یقین دہانی کے بعد تنبیہ کی گئی کہ دوبارہ تجاوزات قائم کر نے پر بھاری جرمانہ ہوگا اور سخت کارروائی ہوگی ، ان میں چار ہوٹلز کورنگی ضلع میں قائم تھے اور ایک ہوٹل ضلع ملیر میں قائم تھا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ تجاوزات کا سبب بننے والے ہوٹلوں اور دیگر کے خلاف بلا رعایت کارروائی کریں ۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم مزید مؤثر بنائی جائے اور دکانداروں سے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو پابند بنایا جائے کہ وہ مقررہ حدود میں کاروبار کریں تاکہ شہر میں ٹریفک دباؤ کم ہو اور سرکاری زمینوں سے تجاوزات کے خاتمے کی حکومتی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔ادھر شہریوں نے کارروائی کو نہ صرف سراہا ہے بلکہ ان کا کہنا ہے زیادہ سخت کارروائیاں ہونا چاہئیں کیونکہ اب بڑی سڑکیں تو دور کی بات انٹر ٹاؤن سڑکوں پر بھی مختلف کاروبار کرنے والوں کا قبضہ رہتا ہے ۔