لاپتہ شہری:سندھ ہائیکورٹ کا بازیابی درخواستوں پرمقدمات کاحکم
عدالت نے دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق پیش رفت رپورٹس طلب کرلیںبیٹا فراز 8ماہ سے غائب، والدہ، دعا کریں آجائیگا، جسٹس سلیم، 19 فروری پھر سماعت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے شہر کے مختلف علاقوں سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر گمشدگی کے مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق پیشرفت رپورٹس طلب کرلیں۔ سندھ ہائیکورٹ میں شہر کے مختلف علاقوں سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اتحاد ٹاؤن سے لاپتہ شہری شاہ زیب کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ لاپتہ شہری کی والدہ نے موقف اختیار کیا کہ میرے بیٹے کو سادہ لباس اہلکار لے گئے ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ عدالت نے بغدادی کے علاقے سے لاپتہ شہری طارق کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے مدینہ کالونی سے لاپتہ شہری نواز کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دیا ۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بن قاسم کے علاقے سے لاپتہ شہری سعید اللہ کی گمشدگی کا مقدمہ ہمارے موقف کے مطابق درج نہیں کیا جارہا، ہمارے پاس سی سی ٹی وی فوٹیج ہیں اسکے باوجود پولیس نے مرضی کا مقدمہ درج کیا۔ عدالت نے ایس ایچ او بن قاسم کو درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیدیا۔ دوران سماعت ایک اور لاپتہ شہری کی والدہ نے بتایا کہ میرا بیٹا فراز علی 8 ماہ سے لاپتہ ہے تاحال بازیاب نہیں ہوسکا۔ سماعت کے دوران جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس میں کہا دعا کریں جلد واپس آجائیگا۔ عدالت نے مزید سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی۔