شہر کے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلئے 21.5 ارب منظور
کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 13 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ بھی شامل،وزیراعلیٰ سندھ نے اہم اجلاس میں منظوری دی، 409 خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی نشاندہی 7اضلاع میں 400سڑکوں پر پیچ ورک،9 کی مکمل تعمیر نوہوگی، 26 بڑی شاہراہوں کی بحالی کیلئے بھی کے ایم سی کو ہدایات جاری ،کام شفاف،معیاری وبروقت ہوں،مرادعلی شاہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی سڑکوں سمیت دیگر انفرا سٹرکچر کی بہتری کے لیے 21 ارب روپے سے زائد کی منظوری دے دی۔شہر قائد میں سڑکوں کی بحالی کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور محکمہ بلدیات اور کے ایم سی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے مجموعی طور پر 21.53 ارب روپے کی منظوری دے دی۔کراچی کی سڑکوں کی بحالی سے شہری آمد ورفت میں بہتری آئے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، عوامی سہولت اور شہری تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 13 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ کراچی کی 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز نے شدید خستہ حال سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کے لیے فنڈز کی درخواست کی ہے ۔ مالی مشکلات کے باعث یہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز خود ان منصوبوں پر عملدرآمد کرنے سے قاصر ہیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے شہر کی 409 خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی نشاندہی کی۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی کے سات اضلاع میں مجموعی طور پر 409 سڑکوں کی بحالی کی ضرورت ہے جن میں سے 400 سڑکوں پر پیچ ورک جبکہ نو سڑکوں کی مکمل ازسرنو تعمیر درکار ہے ۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کیلئے بھی مالی امداد کی منظوری دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی کے 7 اضلاع میں 400 سڑکوں پر پیچ ورک کیا جائے گا جبکہ 9 سڑکوں کی مکمل تعمیر نو کی جائے گی، سڑکوں، سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں پر مجموعی لاگت 12.57 ارب روپے آئے گی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی 26 بڑی سڑکوں کی بحالی کے لیے کے ایم سی کو ہدایات جاری کیں، اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ سندھ نے سڑکوں، نالوں اور سٹریٹ لائٹس سے متعلق 8.53 ارب روپے کے منصوبوں کی بھی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام منصوبوں پر شفاف، معیاری اور بروقت کام مکمل کرنے کی ہدایت کی اور محکمہ خزانہ کو فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کے احکامات بھی دیے ۔سید مراد علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کی سڑکوں کی بروقت بحالی معاشی ترقی اور عوامی سہولت کیلئے ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات اور شہریوں کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو فنڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ خستہ حال سڑکوں، سیوریج نظام سے متعلق ترقیاتی کام شروع کیے جا سکیں۔