منوڑا کے قریب بحری جہاز کی ٹکر سے کشتی ڈوب گئی ،6 مسافر ریسکیو ،4 لاپتا
اطلاع ملتے ہی اضافی ٹیمیں اور کشتیاں موقع پر روانہ،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا واقعے پر افسوس کا اظہار،انسانی جانوں کو بچانے کی ہدایت،حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی
کراچی(خبرایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)منوڑا کے سمندر میں کشتی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد ڈوب گئے تاہم 6 کو زندہ نکال لیا گیا اور 4 افراد لاپتہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق منوڑا کے قریب سمندر میں ایک کشتی ڈوب گئی جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق حکام نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتایا کہ چائنہ پورٹ کے قریب بحری جہاز کشتی سے ٹکرانے سے حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو حکام نے بتایا بروقت کارروائی کے نتیجے میں 6 افراد کو سمندر سے زندہ نکال لیا گیا ہے جب کہ 4 افراد کی تلاش تاحال جاری ہے ۔حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اضافی ٹیمیں اور کشتیاں موقع پر روانہ کی گئیں۔
وزیراعلیٰ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے اور انسانی جانوں کو بچانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ڈی سی کیماڑی کو ہدایت دی کہ اپنی ٹیم فوری طور پر آپریشن کی نگرانی کیلئے روانہ کریں، کشتی میں کل 10 افراد سوار تھے ، جن میں سے 6 کو بچا لیا گیا جب کہ 4 کی تلاش جاری ہے ۔بعد ازاں میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے حادثے کی تحقیقات شروع کردیں اور کہا کہ عملے کی کوتاہی یا تیز ہواؤں سمیت ہر پہلو سے معاملے کو دیکھا جارہا ہے ۔ذرائع پی ایم ایس اے نے کہا کہ 4 لاپتاافرادکی تلاش جاری ہے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل نومبر میں کیماڑی کے قریب دو کشتیاں ٹکرانے کے حادثے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ بارہ افراد زخمی ہوگئے۔