میئر کراچی:واٹر کارپوریشن میں سیپ سسٹم، 5پارکوں کا افتتاح
ڈیجیٹل اصلاحات شروع،نئی ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت،مرتضی وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں سیپ سسٹم اور لال قلعہ سمیت 5 پارکوں کا افتتاح کردیا۔ واٹر کارپوریشن میں اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے جدید سسٹمز ایپلی کیشنز اینڈ پروڈکٹس اِن ڈیٹا پروسیسنگ (سیپ)سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب میں کہا کہ کارپوریشن میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے ، جس سے کارکردگی اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ تقریب میں سعادت انور، عبدالغنی شیخ، امین تغلق، غضنفر علی خان ، ساجد نظام سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایس اے پی سسٹم کے نفاذ سے واٹر کارپوریشن کے مالی، انتظامی اور آپریشنل امور میں نمایاں شفافیت آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت ریکارڈ کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ممکن ہو سکے گی، جس کے نتیجے میں فیصلوں کے عمل میں تیزی اور درستگی آئے گی۔ دوسری جانب مرتضیٰ وہاب نے 5 پارکوں کا افتتاح بھی کیا، ان میں لال قلعہ پارک، چھوٹا پارک، مور پارک، عزیز میونسپل پارک اور دیگر پارک شامل ہیں، مجموعی طور پر پونے پانچ ایکڑ پر محیط ان پارکس کی تزئین و آرائش مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا گیا،یہ تمام پارکس پہلے تباہ حال تھے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں پارکس کی بحالی انکے وژن کا اہم حصہ ہے۔