جڑانوالہ:ٹی ایچ کیوہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی عوام کیلئے مسئلہ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) جڑانوالہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں پہلے ہی 35 سے زائد ڈاکٹروں کی کمی ایک سنگین مسئلہ ہے ، اور اب مزید 5 ڈاکٹروں کا تبادلہ ہونا انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ فہم اقدام ہے۔
اس فیصلے کا براہِ راست خمیازہ مریضوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ، جو معمولی علاج کے لیے بھی گھنٹوں انتظار اور دوسرے شہروں کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ ہسپتال کی حالت زار واضح ہے ، جہاں نہ ڈاکٹر پورے ہیں اور نہ ہی بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔غریب اور محنت کش شہری شدید اذیت میں ہیں کیونکہ نجی ہسپتالوں کے اخراجات ان کی پہنچ سے باہر ہیں۔ عوام اپنے منتخب نمائندوں سے عملی اقدامات چاہتے ہیں تاکہ ڈاکٹروں کی کمی فوری پوری کی جا سکے۔