ڈیلروں کیخلاف آپریشن، لاکھوں مالیتی جعلی زرعی ادویات برآمد
انڈسٹریل اسٹیٹ میں کارروائی، فیکٹری سے 24لاکھ سے زائد مالیت کی 480لٹر زائد المیعاد زہریں برآمدترجمان محکمہ زراعت
ملتان(وقائع نگار خصوصی )وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی خصوصی ہدایات پر جعلی، غیر معیاری اور زائدالمیعاد زرعی ادویات کے خلاف محکمہ زراعت کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت غیر قانونی زرعی زہروں اور کھادوں کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے زرعی ادویات بنانے والی کمپنی ایکسَن کیمیکلز کارپوریشن پر چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی پیسٹی سائیڈز انسپکٹر سید عصمت حسین بخاری کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے دوران فیکٹری سے 24 لاکھ روپے مالیت کی زائدالمیعاد زرعی ادویات برآمد کی گئیں جبکہ 480لٹر زائدالمیعاد زرعی زہریں قبضہ میں لے لی گئیں۔ چیکنگ کے دوران 3 زرعی زہروں کے نمونے بھی حاصل کئے گئے ۔ اس موقع پر ایکسپائری زرعی زہر Xinwag 55 SC کو دوبارہ ری فل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں برآمد کیا گیا۔ چھاپے کے دوران محمد ناصر ولد محمد شفیع کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش کے دوران کمپنی مالک میاں حنیف طارق اور اسسٹنٹ سٹور سپروائزر محمد ناصر نے زائدالمیعاد زرعی زہروں کی ری فلنگ اور ملکیت کا اعتراف کر لیا۔ زائدالمیعاد پیسٹی سائیڈز کو ذخیرہ کرنے اور دوبارہ فروخت کے لئے تیار کرنا ایگریکلچر پیسٹی سائیڈز قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ اس حوالے سے ملزموں کے خلاف ایگریکلچر پیسٹی سائیڈز آرڈیننس کے تحت تھانہ مظفرآباد ملتان میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔