نشتر ہسپتال میں 100 بیڈز کے کینسر سینٹر کی منظوری
حکومت پنجاب نے 690ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ،عامر خان
ملتان (وقائع نگار خصوصی)صحت کے شعبے میں جنوبی پنجاب کے لئے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے ۔ حکومتِ پنجاب نے نشتر ہسپتال میں 100 بیڈز پر مشتمل کینسر سینٹر کے منصوبے کو فل فنڈڈ قرار دیتے ہوئے اس کے لئے 690 ملین روپے کے مکمل فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نشتر ہسپتال کا یہ کینسر سینٹر جون 2026 تک مکمل طور پر فعال کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ کینسر سینٹر کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے عوام کو جدید علاج کی سہولت اپنے ہی خطے میں میسر آئے گی اور مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی سہولیات کی بہتری وزیراعلیٰ کی اولین ترجیح ہے اور اسی ویژن کے تحت ملتان میں صحت کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔انتظامیہ کے مطابق نشتر ہسپتال کا یہ کینسر سینٹر منصوبہ خطے میں صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے حکومت پنجاب کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔