بہن، خالہ کے قاتل کو 2 بار سزائے موت کا حکم
امتیاز عرف ملنگ نے بہن فرزانہ بی بی اور خالہ تسلیم کو قتل کردیا تھا
وہاڑی ،بورے والا(خبرنگار،نمائندہ خصوصی ۔سٹی رپورٹر ) پولیس کی مؤثر تفتیش، مضبوط پیروی اور عدالتی شہادتوں کی بنیاد پر تھانہ فتح شاہ کے دوہرے قتل کے مقدمہ میں ملزم کو سخت سزا سنائی گئی۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج بورے والا محمد سجاد افضل نے مقدمہ نمبر 13/25 میں محمد امتیاز عرف ملنگ کو دو مرتبہ سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی۔ استغاثہ کے مطابق مجرم نے پانچ جنوری 2025 کو چک نمبر 335 ای بی بستی کھیو والی میں فائرنگ کر کے اپنی بہن فرزانہ بی بی اور خالہ تسلیم بی بی کو قتل کیا تھا۔ مقدمہ کی تفتیش سب انسپکٹر محمد شفیق نے کی جبکہ عدالت میں پیش کی گئی شہادتوں کی بنیاد پر ملزم کو قصوروار قرار دیا گیا۔ ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے کہا کہ پولیس سنگین جرائم میں ملوث عناصر کی گرفتاری اور شفاف تفتیش یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے ۔