غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف میونسپل کمیٹی کا کریک ڈاؤن
غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف میونسپل کمیٹی کا کریک ڈاؤنغیر قانونی و غیر منظور شدہ اسکیموں کی نشاندہی ،پلاٹس کی خرید وفروخت پر پابندی
میانوالی (نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی میانوالی نے شہر کی حدود میں قائم غیر منظور شدہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے ۔ میونسپل آفیسر (پلاننگ) دلبر حسن زبیری نے بتایا کہ پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیمز رولز 2022 کے تحت کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم میں منظوری اور این او سی کے بغیر تعمیرات، پلاٹس کی خرید و فروخت اور مارکیٹنگ غیر قانونی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے جاری شدہ فیلڈ سروے کی بنیاد پر متعدد غیر قانونی و غیر منظور شدہ اسکیموں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں پلاٹس کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔دلبر حسن زبیری نے بتایا کہ اس ضمن میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے کہ ایسی اسکیموں کے کھاتہ اور خسرہ نمبرز لاک کیے جائیں، جبکہ فیسکو اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر این او سی کسی غیر منظور شدہ اسکیم کو بجلی یا گیس کی سہولت فراہم نہ کی جائے اور جہاں سہولت دی جا چکی ہو وہاں فوری منقطع کی جائے ۔ انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی شہری کو ہاؤسنگ اسکیم میں پلاٹ خریدنے یا فروخت کرنے سے قبل میونسپل کمیٹی میانوالی کے دفتر پلاننگ سے قانونی حیثیت کی تصدیق کرنی ضروری ہے ۔