گوجرانوالہ میڈیکل کالج ، ہسپتال کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ میڈیکل کالج اور الائیڈ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کی اکیڈمک کونسل کا 135واں اجلاس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ہارون حمید کی زیرِ صدارت ہوا۔
چیئرمین نے ادارے کی بہتری، کلینیکل سروس ڈیلیوری بہتر بنانے اور مریض مرکز طبی تعلیم کے فروغ بارے شرکا کو آگاہ کیااورفیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز کو مزید مؤثر بنانے ، اکیڈمک کونسل اجلاس باقاعدگی سے کرنے اور کونسل کی تشکیلِ نو پر زور دیا۔2 فروری کو ہونیوالی وائٹ کوٹ تقریب بارے انتظامی امور کو حتمی شکل دی گئی ۔گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال اورٹیچنگ ہسپتال کے انتظامی و عملی امور پر غور اورپیتھالوجی کے ریٹس میں نظرِ ثانی، بورڈ آف مینجمنٹ منظوری ونفاذ اور ہسپتال کے آپریشنل امور، پیتھالوجی سروسز، فرانزک ڈیٹا، ادویات ترسیل اور کام کے بوجھ کی منصفانہ تقسیم پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ آؤٹ سورسنگ سروسز، خریداری عمل میں شعبہ جات سربراہان کی مؤثر شمولیت، ادویات دستیابی، ڈیوٹی روسٹرز، ڈیٹا درستگی،سکیورٹی امور بشمول بائیومیٹرک حاضری اور آن لائن تنخواہوں کی ادائیگی بارے ہدایات جاری کی گئیں۔فارمیسی تھراپیوٹکس کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ۔ سرجری اور آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ GTH میں بڑھتے میڈیکولیگل کیسز سے متعلق ڈیٹا مرتب کریں۔