بھیرہ کے تاریخی ورثے کی بحالی ، کروڑوں کی گرانٹ مختص
بھیرہ (نامہ نگار) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ بھیرہ شہر میں شیر شاہ سوری کے دور میں تعمیر شدہ تاریخی جامع مسجد بگویہ اور ملکہ وکٹوریہ کے عہد میں تعمیر کیے گئے تاریخی دروازوں سمیت دیگر قدیم ورثے کی اصل حالت میں بحالی کے لیے عملی کام تیزی سے جاری ہے ، جس کے لیے حکومتِ پنجاب نے کروڑوں روپے کی خصوصی گرانٹ مختص کر دی ہے ۔
وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تاریخی ورثے کی بحالی کا بنیادی مقصد بھیرہ کے تاریخی تشخص کو محفوظ بنانا اور علاقے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے ، جس سے نہ صرف علاقائی ترقی ممکن ہو گی بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تاریخی مقامات کے تحفظ اور انہیں آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ۔ خواجہ زاہد نسیم ایڈووکیٹ نے شہر کی ترقی اور تاریخی ورثے کی بحالی کے لیے فنڈز کی فراہمی پر بھرتھ برادران کا شکریہ ادا کیا۔